سندھ اسمبلی 11 اگست کو تحلیل کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے پانچ سال کی جمہوری مدت مکمل ہونے پر صوبائی اسمبلی کو 11 اگست کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے اسمبلی کا آخری سیشن اسی دن ہوگا۔

قومی اسمبلی کو 9 اگست کو تحلیل کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد اب سندھ حکومت نے بھی صوبائی اسمبلی کو 11 اگست کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسمبلی تحلیل ہونے سے قبل وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا الوداعی اجلاس طلب کر لیا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی جانب سے اراکین سندھ اسمبلی کے لئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت کی طرف سے جمعے تک تمام سرکاری امور مکمل کرنے کیلئے افسراں کو ہدایت دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں سندھ بھر کے سرکاری دفاتر میں رات گئے تک کام جاری رہے گا۔