نگراں سندھ کابینہ کے ممکنہ نام سامنے آگئے
نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر کی کابینہ پر مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور وزرا کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی۔
گزشتہ روز جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ حلف اٹھالیا تھا، اور ان کے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ رخصت ہوگئے تھے۔
آج وزیراعلیٰ ہاؤس آمد پر نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کے اعزاز میں گارڈ آف آنرز دیا گیا، جس کی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس کی لان میں منعقد کی گئی۔ جس میں چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، قائم مقام آئی جی پولیس عمران یعقوب منہاس، صوبائی سیکریٹری، سینیئر پولیس افسران شریک ہوئے۔
علاوہ ازیں انہوں نے نگراں صوبائی کابینہ کو بھی ابتدائی شکل دے دی۔
کابینہ ماہر تعلیم، ممتاز ڈاکٹرز، معروف سرجنز، ماہر معاشیات اورسکیورٹی معاملات کے ماہر افراد پر مشتمل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں ڈاکٹرسعد نیاز، رعنا حسین اور ڈاکٹر جنید شاہ کی شمولیت کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ بریگیڈیئر ریٹائر حارث نواز، مبین جمانی، صدیق میمن، احمد شاہ، ڈاکٹرعلی فرحان کے نام بھی زیرِ غور ہیں۔
علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس ڈاگھا، صدیق میمن، حارث نواز، عمران علی شاہ، شہاب امام، مبین جمال، محمد احمد شاہ، شاہد جتوئی اور ممتاز احمد نگران کابینہ سندھ میں شامل ہوسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سندھ کی کابینہ مکمل غیرجانبدار اور صوبے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں کام کرے گی، کابینہ کے وزراء میں بے داغ ماضی، تعلیمی اور پیشہ وارانہ قابلیت کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔