سندھ الیکشن کمیشن نے صوبے میں نئی حلقہ بندیوں پر کام کا آغاز کردیا

الیکشن کمیشن سندھ نے صوبے بھر میں نئی حلقہ بندیوں پر کام کا آغاز کر دیا اور اس حوالے سے تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کرنے کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن سندھ نے صوبے بھر میں نئی حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کر دیا اور اس حوالے سے تمام اضلاع کے الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔

صوبائی الیکشن کمیشن نے ضلعی الیکشن کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ سے مواد، شماریاتی بلاکس اور نقشے حاصل کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے فیصلے کے تناظر میں حلقہ بندیوں پر کام کی تیاری شروع کی جائے اور حالیہ منظور شدہ مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کی مشق کی تیاری مکمل کی جائے۔

عام انتخابات میں تاخیر، سندھ میں 6 ماہ تک نگراں حکومت قائم رہنے کا امکان

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 17 اگست کو آئندہ عام انتخابات سے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہو سکتے اور کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا آئینی طور پر پابند ہے۔

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نے ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے نتائج کی منظوری 6 اگست کو دی تھی جس کے بعد یہ یقینی ہو گیا تھا کہ عام انتخابات کا انعقاد اس سال نہیں ہو سکے گا کیونکہ منظوری کے بعد انتخابات کا انعقاد حلقہ بندیوں کے بعد ہی ہو گا۔

مردم شماری کے مطابق پاکستان کی موجودہ مجموعی آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار ہے، مردم شماری کے مطابق خیبر پختونخوا کی آبادی 4 کروڑ 80 لاکھ 50 ہزار ہے، پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 76 لاکھ 80ہزار ہے، سندھ کی آبادی 5 کروڑ 56 لاکھ 90ہزار ہے، بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 48 لاکھ 90 ہزار ہے اسلام آباد کی آبادی 23 لاکھ 60 ہزار ہے۔

آبادی میں اضافے کے بعد کراچی میں اسمبلی نشستوں میں بھی اضافہ ہوگا