سندھ میں 200 اعلیٰ افسران کے تبادلے کا امکان
سندھ کی نگران حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سابق منتخب حکومت کے لاڈلے افسران کا تبادلہ کرکے نئی بیورو کریسی لانے کا فیصلہ کرلیا، اس ضمن میں 200 اعلیٰ افسران کے تبادلے کیے جانے کا امکان ہے اور تمام تبادلے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مشورے کے ساتھ کیے جائیں گے
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کی روشنی میں تبادلے کیے جائیں گے، اور سندھ میں 200 افسران کے تبادلوں کا امکان ہے، ان افسران میں 20 سیکریٹریز کے تبادلوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب نگراں حکومت سندھ نے وزیراعلیٰ انسپیکشن انکوائری ٹیم کے پاس کئی سالوں سے التوا میں پڑے ہوئے انکوائریز کی فائلیں کھول دیں۔
پانچ ڈیولپمنٹ اتھارٹیز میں بھرتیوں اور ترقیوں کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیہون، لیاری، ملیر، لاڑکانہ، حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹیزمیں تحقیقات ہوں گی، اور ان اتھارٹیز کے افسران کی فائلیں طلب کر لی گئی ہیں۔
سندھ حکومت میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کی تیاریاں، پی پی کے لاڈلے افسر صوبہ بدر ہوں گے
ذرائع کے مطابق اس ضمن میں الیکشن کمیشن کےآئندہ اجلاس میں سندھ کے افسران کی تبدیلی کی فہرستیں پیش کی جائینگی اور چیف سیکریٹری سندھ سول بیوروکریٹ کے تبادلوں کی فہرست فراہم کریں گے۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل آئی جی سندھ پولیس صوبے میں تعینات پولیس افسران کی تبدیلی کی لسٹ دینگے ۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سابق حکمرانوں کے لاڈلے افسران کو صوبہ بدر کرکے انہں پنجاب اور کے پی کی حکومت کے حوالے کرکے وہاں سے افسران لیے جائینگے۔