صحافی اجے لالوانی اور رانا بھگوان داس سمیت سندھ کی متعدد شخصیات کے لیے ایوارڈز کا اعلان
ریاست پاکستان کی جانب سے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر سندھ سمیت ملکی و غیر ملکی 253 شخصیات کو اعلیٰ سرکاری سول اعزازات سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) مطابق صدر مملکت نے مختلف اداروں اور افراد کی سفارش پر ریاست پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے 14 سول ایوارڈز ملکی و غیر ملکی 253 شخصیات کو دینے کا اعلان کردیا۔
جن شخصیات کو اعزاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے، انہیں اگلے سال یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
ریاست پاکستان نے سندھ کی متعدد نامور شخصیات کو ایوارڈز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے، ان شخصیات میں سرفہرست ایدھی فائونڈیشن کی سابق چیئرمین مرحومہ بلقیس ایدھی اور چھیپا فائونڈیشن کے بانی رمضان چھیپا سمیت ضلع گھوٹکی کے مقتول صحافی اجے لالوانی، ادیب ذوالفقار سیال اور سابق چیف جسٹس رانا بھگوان داس شامل ہیں۔
ان شخصیات کے علاوہ بھی ریاست پاکستان نے صوبہ سندھ کی متعدد افراد کو سول ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے، 14 سول اعزازات پانے والوں میں کُل 253 شخصیات شامل ہیں جنہیں نشان امتیاز، ہلال پاکستان، ہلال شجاعت، ہلال امتیاز، ہلال قائد اعظم، ستارہ پاکستان، صدارتی اعزازات برائے حسن کارکردگی، تمغہ پاکستان، تمغہ شجاعت، تمغہ امتیاز، تمغہ قائد اعظم اور تمغہ خدمت سے نوازا جائے گا۔
سابق چیف جسٹس آف پاکستان (آنجہانی) جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگوان داس کو نشان امتیاز دیا جائے گا جب کہ نمایاں سماجی خدمات دینے پر مرحومہ بلقیس بانو ایدھی اور محمد رمضان چھیپا کو ہلال امتیاز دیا جائے گا۔
اسی طرح سندھ سے تعلق رکھنے والے ضلع گھوٹکی کے مقتول صحافی اجے لالوانی اور کوئٹہ میں قتل کیے گئے صحافی ارشاد مستوئی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا، اسی ایوارڈ سے اروڑ یونیورسٹی کی وائس چانلسر ڈاکٹر ثمرین حسین اور ادیب ڈاکٹر ذوالفقار سیال کو بھی نوازا جائے گا۔
ایوارڈز وصول کرنے والی شخصیات کی مکمل فہرست درج ذیل لنک پر کلک کر کے دیکھی جا سکتی ہے۔