نوجوان اداکارہ و ماڈل ماروی چنا انتقال کر گئیں
—فوٹو: فیس بک
ایوارڈ یافتہ ماڈل و اداکارہ ماروی چنا کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئیں، انہوں نے سوگوران میں ایک بیٹی اور شوہر چھوڑا ہے۔
ماروی چنا نے کم عمری میں ہی ماڈلنگ کے کیریئر کا آغاز کیا تھا،انہوں نے زمانہ طالب علمی میں کالج کے دوران شمالی سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں ماڈلنگ کے لیے فوٹو شوٹ کروایا تھا۔
بعد ازاں انہوں نے 2005 کے بعد اداکاری شروع کی اور انہوں نے کاوش ٹیلی وژن نیٹ ورک (کے ٹی این) کے ڈراما قسمت سے اداکاری کی شروعات کی اور انہیں ان کے پہلے ڈرامے پر ہی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
خوبصورت چہرے کی وجہ سے ماروی چنا نے جلد مداحوں کے دلوں میں گھر کرلیا اور وہ متعدد ڈراموں میں دکھائی دیں جب کہ انہوں نے بیشمار گانوں میں ماڈلنگ بھی کی۔
ماروی چنا 1982 میں لاڑکانہ میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے وہیں سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپنے آبائی شہر سے ماڈلنگ کا آغاز کیا اور پھر اداکاری کے میدان میں آئیں۔
انہوں نے انٹرمیڈیئیٹ کرنے کے بعد تعلیم کا سلسلہ روک دیا تھا اور اداکاری پر توجہ دی تھی، انہون نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک شوبز میں کام کیا اور اپنی اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔
ماروی چنا نے چند سال قبل محبت کی شادی کی تھی، جس کے بعد وہ شوبز سے دور ہوگئی تھیں، تاہم انہیں شوبز تقریبات میں دیکھا جاتا تھا۔
ماروی چنا گزشتہ چند سال سے اسکرین پر دکھائی نہیں دی تھیں، تاہم ان کا شوبز انڈسٹری کے افراد سے رابطہ رہا۔
ایک ہفتہ قبل انہیں گردوں میں تکلیف کے باعث دارالحکومت کراچی کے نجی اسپتال منتقل کرایا گیا تھا، جہاں 17 اگست کو گردے فیل ہونے کی وجہ سے وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔
ان کی جنازہ نماز میں سندھی شوبز انڈسٹری اور ادب سے وابستہ متعدد شخصیات نے شرکت کی اور بعد ازاں ان کی تدفین خیابان سحر کلفٹن کے قبرستان میں کردی گئی۔
ماروی چنا کے انتقال پر متعدد شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں۔