روبی علی کی ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کے سامنے پرفارمنس کرنے پر تعریفیں

روبی علی نے ارشاد جاگیرانی کے ہمراہ پرفارمنس کی—فوٹو: عرفان عالمانی فیس بک

ٹک ٹاکر، ماڈل و اداکارہ روبی علی کی جانب سے ساتھی ماڈل، اداکار و گلوکار ارشاد جاگیرانی کے ہمراہ دارالحکومت کراچی میں بنائے گئے ریلیف کیمپ پر پہنچ کر متاثرین کے سامنے پرفارمنس کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

روبی علی ساتھی گلوکار ارشاد جاگیرانی کے ہمراہ 29 اگست کو کراچی کے علاقے سچل گوٹھ کے قریب واقع شاہنواز شر گوٹھ کے گرلز اسکول میں بنائے گئے ریلیف کیمپ پہنچیں، جہاں وہ متاثرین میں گھل مل گئیں۔

مذکورہ ریلیف کیمپ کے انتظامات سماجی کارکن عرفان عالمانی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ دیکھ رہے ہیں، جہاں متاثرین کو تینوں وقت کا کھانا، ادویات، بسترے اور ضرورت کی دیگر چیزیں بھی بروقت فراہم کی جا رہی ہیں۔

https://twitter.com/OfficialAlmani/status/1564726465991790597

مذکورہ ریلیف کیمپ میں ایک ہزار سے کم سلاب متاثرین موجود ہیں جو صوبے کے مختلف علاقوں سے یہاں 27 اگست کو پہنچے تھے، جنہیں کراچی سوشل فورم کے پلیٹ فارم سے عرفان عالمانی اور دیگر ساتھیوں نے سرکاری اسکول میں کیمپ قائم کرکے ان کی مدد کی۔

اسی ریلیف کیمپ کا صوبائی وزیر شہلا رضا اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ڈپٹی کمشنر اور دیگر سرکاری عہدیداران اور سیاسی رہنما بھی دورہ کر چکے ہیں جب کہ روبی علی اور ارشاد جاگیرانی نے بھی دیگر افراد کے ہمراہ 29 اگست کو کیمپ کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے متاثرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے وہاں مختلف سندھی گیتوں پر پرفارمنس بھی کی۔

روبی علی نے ریلیف کیمپ میں پرفارمنس کی ویڈیو اپنے فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی شیئر کیں، جہاں لوگوں نے کمنٹس کرکے ان کی تعریفیں کیں۔

 

روبی علی کی پرفارمنس اور کیمپ کے دورے کی تصاویر کیمپ کے منتظم اعلیٰ عرفان عالمانی نے بھی اپنے فیس بک پر شیئر کیں اور ان کی تعریفیں کیں۔

روبی علی کی متاثرین کے ریلیف کیمپ میں پرفارمنس کرنے کی ویڈیوز و تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے ان کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں سچا آرٹسٹ قرار دیا۔