ایک مچھر مار اسپرے مشین دینے کی نفیسہ شاہ کی تصویر وائرل

تصویر پر لوگوں نے طرح طرح کےتبصرے کیے—فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی سیدہ نفیسہ شاہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپس میں مچھر مار اسپرے کرنے کے لیے دی گئی اسپرے مشین کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے پیپلز پارٹی رہنما کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سیدہ نفیسہ شاہ کا تعلق خیرپور سے ہے، جہاں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ہے اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

خود نفیسہ شاہ بھی اپنے شہر اور علاقے میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہی ہیں، جہاں دیہات کے دیہات ہی اجڑ گئے جب کہ خیرپور شہر سمیت کوٹ ڈیجی میں بھی تاحال پانی موجود ہے۔

خیرپور کے لاکھوں لوگ بے گھر ہونے کے بعد اب روڈوں پر کھلے آسمان تلے برساتی اور سیلابی پانی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

پانی کے جمع ہوجانے سے صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح خیرپور میں بھی مچھروں کا آزار بڑھ گیا ہے اور پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کی جانب سے بھی ایک مچھر مار اسپرے مشین دی گئی، تاکہ متاثرین کو مچھروں کے آزار سے بچایا جا سکے۔

تصویر کو شیئر کرتے ہوئے سما ٹی وی کے صحافی سنجے سادھوانی نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اب کوئی مچھر نہیں بچے گا، جس پر کئی لوگوں نے طنزیہ تبصرے کیے اور نفیسہ شاہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔

سنجے سادھوانی کی طرح سماجی کارکن سعید سانگری نے بھی نفیسہ شاہ کی مذکورہ تصویر شیئر کی اور کیپشن میں بتایا کہ جیلانی ہائوس میں ایک مچھر مار اسپرے کی مشین دینے کی تقریب۔

تصویر میں سیدہ نفیسہ شاہ کو دیگر افراد کے ہمراہ ایک کمرے میں دیکھا جا سکتا ہے اور ٹیبل پر صرف ایک اسپرے مشین پڑی ہوئی ہے۔

مذکورہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگوں نے اس پر طرح طرح کے تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ اب خیرپور میں کوئی مچھر نہیں رہے گا۔

ساتھ ہی لوگوں نے نفیسہ شاہ پر طنز کرتے ہوئے کمنٹس کیے کہ خیرپور کا عوام ایک مچھر مار اسپرے مشین فراہم کرنے پر ان کی مشکور ہے۔

بعض لوگوں نے مشورہ دیا کہ ایسی پروقار تقریب کے لیے نیچے ریڈ کارپٹ بچھایا جانا چاہیے تھا۔

 

کچھ لوگوں نے لکھا کہ نفیسہ شاہ نے عوام کے لیے سچ میں بہت بڑی قربانی دی ہے۔