سیکریٹری اقوام متحدہ کا موئن جو دڑو کا دورہ

انتونیو گوتریس کے ہمراہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے بھی موئن جو دڑو کا دورہ کیا—فوٹو: پیپلز پارٹی، ٹوئٹر

پاکستانی دورے پر آنے والے اقوام متحدہ (یو این) کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے علاوہ تاریخی مقام اور عالمی ورثے موئن جو دڑو کا دورہ بھی کیا۔

حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تاریخی مقام کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے اور اس کی بحالی کے لیے پہلے ہی اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یونیسکو نے امداد کا اعلان کر رکھا ہے۔

حالیہ بارشوں سے موئن جو دڑو کو کافی نقصان پہنچا ہے اور یہ تاریخی مقام پہلے ہی ماحولیاتی آلودگی سمیت حکومتی بے توجہی کے باعث خستہ حالت کا شکار ہے۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت وفاقی اور صوبائی حکومت کے اعلیٰ ذمہ داران کے ہمراہ موئن جو دڑو کا دورہ کیا۔

دورے کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے انتونیو گوتریس کو موئن کو دڑو کی تاریخ سے متعلق معلومات بھی فراہم کی۔

انتونیو گوتریس نے تاریخی مقام کے دورے کے دوران اسے عالمی ورثہ قرار دیتے ہوئے اس کی بحالی کی مکمل یقین دہانی کروائی اور صوبائی حکومت کو یونیسکو سمیت دیگر عالمی اداروں کے ساتھ مل کر موئن جو دڑو کی بحالی کو یقینی بنانے کی اپیل بھی کی۔

انتونیو گوتریس نے موئن جو دڑو کی مختلف سائٹس کا دورہ کیا اور وہاں تصاویر بھی بنوائیں اور انہوں نے اسے تاریخی ورثہ قرار دیتے ہوئے بارشوں سے اس پہنچنے والے نقصان پر اظہار افسوس بھی کیا۔

حالیہ بارشوں اور سیلاب سے موئن جو دڑو کے علاوہ سندھ کے دیگر تاریخی مقامات جن میں کوٹ ڈیجی قلعہ اور رنی کوٹ سمیت عمر کوٹ کا قلعہ بھی شامل ہیں۔