کراچی میں یہودی عبادت گاہ سیناگاگ کو جلانے کا قصہ- گل حسن کلمتی
تصویر، بشکریہ لکھاری
صوبائی دارالحکومت کراچی ایک ایسا شہر ہے، جہاں صدیوں سے مختلف مذاہب، عقائد اور فرقوں سے تعلق رکھنے والی آبادیاں آباد رہی ہیں، اس بار ہم جس کمیونٹی کا ذکر اس بلاگ میں کر رہے ہیں، وہ یہودی کمیونٹی ہے جو کہ سندھ میں تین سو سال قبل بھی موجود تھی۔
اس مضمون کی آغاز میں ہی نظر آنے والی تصویر کراچی میں ڈیڑھ سو سال قبل بنائی گئی یہودی عبادت گاہ کی ہے، جسے بعد ازاں جلاکر وہاں ایک رہائشی فلیٹ بنایا گیا تھا، جسے اب مدیحہ اسکوائر کے نام سے پہچانا جاتا ہے، یہ عمارت سابقہ لارنس روڈ (حالیہ عبدالرب نشتر روڈ) اور بارنیس اسٹریٹ کے سنگم پر رنچھوڑ لائین کے علاقے میں واقع ہے، جہاں یہ عمارت تعمیر کی گئی ہے، اس جگہ کی ایک اپنی تاریخ ہے،اس تاریخ ساتھ ہم نے جو کچھ کیا وہ بھی ایک تاریخ ہے۔
یہ سن 1893 عیسوی کی بات ہے جب سندھ پر انگریز سرکار کا قبضہ تھا،قبضہ اپنی جگہ لیکن اس قبضے نے ہمیں تاریخی عمارات کے ساتھ بہت کچھ دیا،سن 1893 میں اسی جگہ ایک یہودی سولومن ڈیوڈ اومر ڈیکار نے کراچی کے یہودیوں کے لیے ایک عبادت گاھ "سیناگاگ” ( Synagogue) تعمیر کرائی،جس کا نام "میگن شیلوم سیناگاگ”رکھا گیا۔
پتھر کی یہ خوبصورت عمارت کراچی کے خوبصورت عمارتوں میں سے ایک تھی،یہ بنی اسرائیل مسجد کے نام سے بھی مشھور تھی۔
اس عمارت کے تمعیر میں جودھپور کا لال اور گذری کا پیلا پتھر استعمال کیا گیا تھا،اس عمارت کے دروازے اور کھڑکیاں لکھڑی کی تھیں۔
1974 جب میں ایس ایم آرٹس کالج میں پڑھتا تھا تو اکثر یہاں سے گذر ہوتا تھا ،کیونکہ گڈاپ کے لیے بس لیمارکیٹ سے نکل کر اسی چوراہی سے گذر کر آگے گارڈن کے طرف جاتی تھی،
میرے والد سبزی منڈی میں ہوتے تھے،لیمارکیٹ کے شیدی ولیج روڈ پر ایک فلیٹ میں ان کی رہائش تھی،وہ اکثر آڑتیوں سے پیسوں کے وصولی کے لیے رنچھوڑ لائن اور رام سوامی آتے تھے،کبھی کبھی میں بھی اس کے ساتھ ہوتا تھا ،والد صاحب نے مجھے بتایا کہ یہ یہودیوں کی مسجد ہے،اکثر خیال آتا تھا کہ اندر جاکر اس کو دیکھوں،لیکن ایک انجانے خوف نے کبھی یہ ہونے نہیں دیا،پھر جب میں نے کراچی کے تاریخ پر لکھنا شروع کیا تہ یہ خوبصورت عمارت اپنی جگہ نہیں ملی۔
اس کے بارے مجھے جو معلومات ملی ،اس کے مطابق اس میں عبادت کے لیے ایک بہت بڑا ھال تھا،جس کا نام شیگل بائی ھال تھا،شیگل بائی سولومن ڈیوڈ کی بیوی تھی،سولومن ڈیوڈ کراچی میونسپلٹی میں سرویئر تھے اور کراچی کے یھودی کمیونٹی کے تنظیم کے صدر بھی تھے۔
سابق لارنس روڈ اور حالیہ عبدالرب نشتر روڈ پر رنجھوڑ لائن کے علاقے میں ڈیڑھ سو سال قبل بنائی یہودی عبادت گاہ کو جلانے کے بعد اسی مقام پر تعمیر کی گئی رہائشی عمارت
تحریر و تصاویر: گل حسین کملتی
تاریخ کا قصہ پڑھیے: https://t.co/vwPYMc6DUe pic.twitter.com/onFP0ZIfGB
— Sindh Matters – سندھ میٹرز (@SindhMatters) October 8, 2022
27 اپریل 1903 کو وہ وفات پا گئے ،ان کی قبر میوا شاھ میں "یھودی قبرستان”میں ہے، یہ ھال 2 اپریل 1911 کو شیگل بائی کے پوتے ابراھام روبن کامولیکر کے جانب سے اپنی دادی کی یاد میں بنائی گئی تھی۔
1912 میں سیناگاگ میں اومر ڈیکار کے بیٹوں گیرشن سولومن اومر ڈیکار اور رامین سولومن اومر ڈیکار مزید تعمیرات کرائیں ۔
ابراھام روبن 1936 میں کراچی میونسپلٹی کا کونسلر منتخب ہوئے۔اس نے 1928 میں حاجی مرید بکک گوٹھ لالو کیٹ(لیاقت آباد) میں ایک پرائمری اسکول اپنے خرچے پر بنا کر ضلع لوکل بورڈ کراچی کے حوالے کی ،جو آج بھی اسی نام سے پرانی عمارت میں موجود ہے،جبکہ اردو میڈیم اسکول کی عمارت مسمار کردی گئی ہے،سوچتا ہوں اس اسکول کا نام تبدیل کیوں نہیں ہوا،شاید اس لیے ہم ابراھام کو ابراھیم سمجھ بیٹھے ہیں۔
ایک اور بات ،لیاری کے چیل چوک کا نام تقسیم سے پہلے ابراھام روبن چوک تھا،اس چوک کے ساتھ بڑی سی چاردیواری میں یہودیوں کی پرانی قبرستان ہے ،لیکن اب ھم نے ان میں سے بہت سے قبروں کو مسمار کرکے اپنے مردے دفنائے ہیں،اس پر کسی اور موقعے پر تفصیل سے لکھوں گا۔
1916 میں "کراچی یہودی کمیونٹی” نے سیناگاگ کے احاطے میں”ایبرو اسکول”کی بنیاد رکھی گئی۔
1918 میں سیناگاگ(Synagogue) میں ایک دوسرے ھال کے تعمیر کا کام شروع کیا گیا،جس کا افتتاح ناتھن ابراھام نے 18 اگست 1921 میں کیا،اس ھال کا نام اسی کے نام سے "ناتھن ابراھام ھال” رکھا گیا۔
سیناگاگ کے احاطہ میں 1919 عیسوی میں ابراھام سنڈیکیٹ عمارت کا افتتاح کیا گیا تھا۔
1903 میں اسی عمارت میں ایک سماجی تنظیم "ینگ مین جیوئش ایسوسیئشن "کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
سیناگاگ کے چاردیواری میں ” کراچی بنی اسرائیل رلیف فنڈ” کی آفیس بھی تھی،یہاں پر ایک چھوٹا پارک بھی ہوا کرتا تھا۔
رنچھوڑ لائن،رامسوامی اور رام باغ میں بڑی تعداد میں یہودی رہتے تھے،تمام مذاہب کے لوگوں میں ایک بھائی چارہ قائم تھا وہ ایک دوسرے کے غم اور خوشی میں شریک ہوتے تھے،
یہودیوں نے سندھ بالخصوص سندھ کے راجدھانی کراچی کے ترقی میں اہم کردار ادا کیا،موسیس سوماک ایک عراقی یہودی تھا ،جو کراچی کے مشہور عمارتوں کا آرکیٹیکٹ تھا،موسیس کی بنائی ہوئی عمارتوں میں "فلیگ اسٹاف ھائوس”(قائد اعظم میوزم),گوئن جیمخانہ 1890,بی وی سی اسکول 1905,جعفر فدو ڈسپینسری کارادر،1904,فارسی اگیاری،خالق ڈنہ ھال،مولس مینشن،ایڈورڈ ھائوس،نارتھ ویسٹرن ھوٹل 1908, برسٹل ھوٹل،1910,کارلٹن ھوٹل،کیفی گرانٹ،وکٹوریا مینشن اور دوسرے مشہور اور خوبصورت عمارتیں شامل ہیں،
جب 1948 میں اسرائیل وجود میں آیا تو بہت سے یہودیوں نے کراچی کو الوداع کہا،1956,1948 اور 1967 کے عرب اسرائیل لڑائی کے بعد یہاں کے یہودیوں کا گھیراؤ تنگ کیا گیا تو انہوں نے پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا،انہوں نے سندھ کے راجدھانی اپنی جنم بھومی کراچی کو نہ چاہتے ہوئے خدا حافظ کہا۔
1959 میں کراچی میں 400 یہودی موجود تھے،1968 میں 250 یہودی کراچی میں رہتے تھے،اس سے پہلے 1941 کی ادمشماری کے ریکارڈ کے مطابق کراچی میں 513 مرد اور 538 یہودی مذہب کی عورتیں تھیں،
17 جولائی،1988 میں اس تاریخی عمارت اور کراچی کے تاریخ کو شعلوں کے نظر کیا گیا ،ایک پوری تاریک لمحوں میں بسم ہوگئی،
یہاں پر موجود ایک یہودی عورت نے منت سماجت کرکے مقدس صندوق (Ark),تخت(Podium) ،تورات اور ایک رجسٹرڈ حاصل کرکے ان کو 2004 میں یروشلم میں "بن زیوی انسٹیٹیوٹ لائبریری” کو دیں ،جو اج بھی محفوظ ہیں،اس رجسٹر میں 1961 سے 1976 تک ریکارڈ درج ہے۔
آگ لگانے کے کچھ عرصے بعد اس سیناگاگ(بنی اسرائیل مسجد)کے جگہ مدیحہ اسکوائر کی یہ بد صورت سی عمارت کھڑی کی گئی۔
اس واقعے کے بعد کراچی میں رہنے والے یہودیوں نے خوف سے اپنے آپ کو پارسی کہنا شروع کیا،2019 میں سوشل میڈیا پر ایک نوجوان نے اپنے آپ کو یہودی کہنا شروع کیا تھا۔
اب جب بھی اس جگہ سے گذر ہوتا ہے تو اس تاریخ کے تاریخی بربادی پر افسوس ہوتا ہے ،عمارتیں نہ ھندو ہیں،نہ مسلمان،نہ یہودی اور نہ ہی عیسائی وہ تاریخ ہیں،ھماری اپنی تاریخ،مجھے جتنا افسوس بابری مسجد کے مسمار کرنے پر ہوا اتنا ہی دکھ مجھے اس سیناگاگ کے جلائے جانے اور پھر مسمار کرنے پر ہوا۔