بلال کاکا قتل کیس کے مرکزی ملزم کو سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم

 

بلال کاکا کو 12 جولائی کی شب قتل کیا گیا تھافوٹو: -فیس بک

حیدرآباد کی مقامی عدالت نے 12 جولائی کو قتل کیے گئے بلال کاکا کے قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم شاہ سوار کی پولیس ریمانڈ ختم کرتے ہوئے انہیں سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا جب کہ باقی گرفتار تین ملزمان کی ریمانڈ میں مزید توسیع کردی۔

بلال کاکا کو 12 اور 13 جولائی کی درمیانی شپ رات دیر گئے کھانے کے بل کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے کے دوران افغان نسل سے تعلق رکھنے والے افراد نے قاسم آباد کے علاقے میں قائم سپر سلاطین ہوٹل پر تشدد کرکے ہلاک کردیا تھا۔

بلال کاکا کے قتل کے بعد سندھ بھر میں غم و غصہ پایا گیا تھا اور سندھ کی قومپرست جماعتوں نے صوبے بھر میں افغان نسل کے افراد کے چائے اور کھانے کے ہوٹل پر امن طریقے سے بند کروادیے تھے، جس کے رد عمل میں افغانیوں نے دارالحکومت کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں 15 سے 17 جولائی تک پرتشدد احتجاج کرکے سندھی نسل کے افراد کو تشدد و تضحیک کا نشانہ بنایا تھا، جس پر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد میں بلال کاکا کے قتل کے بعد سندھ میں کشیدگی

بلال کاکا کے قتل کے بعد صوبے بھر میں کشیدگی ہونے کے بعد حیدرآباد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے ان کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اور ہوٹل مالک شاہ سوار کو بھی گرفتار کرلیا تھا جب کہ پولیس نے دیگر چار افراد کو بھی گرفتار کرکے مقامی عدالت سے ان کا جوڈیشل ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

حیدرآباد کے بھٹائی نگر تھانے میں بلال کاکا کے ورثا کی جانب سے سپر سلاطین ہوٹل کے مالکان سمیت 9 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ دائر کروایا گیا تھا، جس میں سے پولیس نے تاحال صرف 4 ملزمان کو ہی گرفتار کیا ہے، جن میں سے مرکزی ملزم شاہ سوار کو اب عدالت نے سینٹرل جیل حیدرآباد منتقل کرنے کا حکم دے دیا جب کہ باقی تین ملزمان کو مزید ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔

بھٹائی نگر پولیس نے 28 جولائی کو چاروں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر فورتھ میجسٹریٹ جج نازیہ امیر حسن کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے مرکزی ملزم کو سینٹرل جیل حیدرآباد منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے باقی تین ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

دوسری جانب قومپرست پارٹیوں نے افغان نسل کے افراد کے خلاف مظاہرے جاری رکھتے ہوئے اور حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ افغانیوں کو واپس اپنے ملک بھیجا جائے اور جب تک انہیں واپس نہیں بھیجا جاتا تب تک انہیں ایک کیمپ تک محدود رکھا جائے، کیوں کہ افغان لوگ صوبے میں امن امان کے مسائل پیدا کرنے میں ملوث ہیں جب کہ ان سے مقامی افراد کی آبادی اقلیت میں بھی تبدیل ہو رہی ہے۔

 

1 thought on “بلال کاکا قتل کیس کے مرکزی ملزم کو سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم

Comments are closed.