نصیر الدین شاہ نے سندھی زبان سے متعلق غلطی کا اعتراف کرلیا
بھارت کے لیجنڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے سندھی زبان سے متعلق اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔
فیس بک پوسٹ میں اپنے وضاحتی بیان میں نصیر الدین شاہ نے کہا کہ پاکستان میں سندھی زبان سے متعلق میرا بیان غلط تھا۔
نصیر الدین شاہ نے پوسٹ میں لکھا کہ مراٹھی اور فارسی کے درمیان تعلق کے بیان کو غلط سمجھا گیا، میں نے کہا تھا بہت سے مراٹھی الفاظ فارسی زبان کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری نیت مراٹھی زبان کو نیچا دکھانا نہیں تھا، میرا مقصد ثقافتی تنوع کو بیان کرنا تھا، اردو زبان بھی ہندی، فارسی، ترکی اور عربی کا مرکب ہے۔
خیال رہے کہ بولی وڈ اداکار نے چند دن قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ سندھی زبان اب پاکستان میں نہیں بولی جاتی ہے۔
بھارتی اداکار کو اپنے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
لیکن اب انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا کہ انہوں نے سندھی زبان سے متعلق غلط بات کہی۔