جان محمد مہر قتل کیس: مجموعی طور پر 25 افراد گرفتار

سکھر پولیس نے 13 اگست کو قتل کیے گئے صحافی جان محمد مہر کے قتل کیس میں مطلوب دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 25 ہوگئی۔

ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ جان محمد مہر کے قتل کیس میں مطلوب دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسی کیس کے حوالے سے سندھی نیوز چینل ٹائم نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مجموعی طور پر پولیس نے اب تک 25 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جس میں سے دو مرکزی ملزمان جب کہ تین سہولت کار بھی شامل ہیں، دیگر ملزمان کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار کیے گئے دو مرکزی ملزمان کو سکھر پولیس عدالت میں پیش کرنے کے بعد ان کا ریمانڈ حاصل کرے گی۔

جان محمد مہر کے قتل کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل

ادھر سندھ حکومت جان محمد مہر کے قتل کیس کی تفتیش کے لیے آئی بی، آئی ایس آئی، رینجرر، ایف آئی اے اور پولیس سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ سربراہان پر مشتمل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے جو 30 دن کے اندر اپنی مکمل رپورٹ پیش کرے گی۔

جان محمد مہر کو 13 اگست کو سکھر میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، ان کے قتل کا مقدمہ دو دن بعد 15 اگست کو ان کے بھائی کرم اللہ مہر کی فریاد پر سکھر میں 16 ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دائر کیا گیا تھا۔

دو دن بعد جان محمد مہر کے قتل کا مقدمہ درج، 16 ملزمان نامزد