سندھ کی نگراں 10 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

نگران وزیراعلیٰ سندھ کے بعد صوبے کی نگراں 10 رکنی کابینہ نے بھی حلف اٹھالیا، تاہم فوری طور پر کابینہ ارکان کے قلمدانوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے 17 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

سندھ اسمبلی کو 11 اگست کو مدت مکمل ہونے کے بعد تحلیل کیا گیا تھا اور اب نئی اسمبلی کے قیام تک نگراں حکومت انتظامات سنبھالے گی۔

مقبول باقر نگراں وزیر اعلیٰ سندھ بن گئے

نگراں کابینہ کی حلف برداری تقریب سندھ گورنر ہاؤس میں ہوئی، نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس مقبول باقر کی موجودگی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کابینہ سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، تقریب کی میزبانی کے فرائض چیف سیکریٹری سندھ نے انجام دیے، سندھ کے قائم مقام آئی جی، صوبائی سیکریٹریز اور نگراں وزرا کے اہل خانہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

حلف اٹھانے والی صوبائی نگران کابینہ میں یونس ڈاگا، ڈاکٹر سعد خالد نیاز، ڈاکٹر جنید علی شاہ، مبین جمانی، بریگیڈیئر حارث نواز، مسز رعنا حسین، ایشور لال، عمر سومرو، ارشد ولی محمد اور خدابخش مری شامل ہیں۔

بریگیڈیئر حارث نواز کو محکمہ داخلہ جب کہ رعنا حسین کو محکمہ تعلیم دیے جانے کا امکان ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ 20 اگست تک کابینہ کے ارکان کے قلمدانوں کا اعلان کردیا جائے گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور نگراں وزیراعلیٰ نے نگراں کابینہ کے اراکین کو مبارک باد دی۔

نگراں سندھ کابینہ کے ممکنہ نام سامنے آگئے