کشمور میں ہندو مغویوں کی بازیابی کا دھرنا چار دن بعد ختم, 3 مغوی بازیاب
کشمور میں پولیس اور حکومت سے کامیاب مذاکرات اور مغویوں کی بازیابی کی یقین دہانی کے بعد ہندو برادری نے 4 دن سے جاری دھرنا ختم کردیا۔
مغویوں کے اہل خانہ کے وفد نے نگران صوبائی وزیر داخلہ حارث نواز سے ملاقات کی جس کے بعد نگران صوبائی وزیر داخلہ نے ایس ایس پی کشمورکے ہمراہ دھرنےکے شرکا سے مذاکرات کیے۔
ترجمان نگران وزیر داخلہ کے مطابق مذاکرات کی کامیابی کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا۔
ہندو برادری نے 4 دن سے بند کاروبار بھی کھولنےکا اعلان کردیا، 4 دن سے بند انڈس ہائی وے پر ٹریفک بحال ہوگیا۔
قومی شاہراہ ببرلو کے مقام پربھی دھرنا ختم کردیا گیا اور دھرنےکےشرکا پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
نگران وزیرداخلہ نے مغویوں کی جلد بازیابی اور 48 گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔
احتجاج کے بعد پولیس کا کشمور سے تین مغوی بازیاب کرانے کا دعویٰ
کشمور میں دھرنا ختم کرنے کے بعد سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مغویوں کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے دھرنے ختم کردیے گئے۔
کشمور میں دھرنا دینے کے دو دن بعد پولیس نے آپریشن کرکے تین مغویوں کو بازیاب بھی کروایا تھا۔