فاطمہ فرڑیو کیس: مرکزی ملزمہ حنا شاہ نے گرفتاری دے دی
خیرپور کے نواحی شہر رانی پور کی حویلی میں مبینہ ریپ اور تشدد میں قتل کی گئی کم سن بچی فافمہ فرڑیو کے کیس میں نامزد مرکزی ملزمہ حنا شاہ نے گرفتار دے دی، انہیں 27 ستمبر کو ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
حنا شاہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے فرار تھیں اور خیرپور پولیس نے انہیں مفرور قرار دے رکھا تھا جب کہ ان کی گرفتاری کے لیے دارالحکومت کراچی سمیت بلوچستان میں بھی چھاپے مارے گئے تھے۔
حنا شاہ سے قبل گزشتہ ہفتے ان کے والد پیر فیاض شاہ کو بھی فاطمہ فرڑیو کیس میں گرفتار کیا گیا تھا جب کہ اس سے قبل 16 اگست کو حنا شاہ کے شوہر مرکزی ملزم پیر اسد شاہ کو گرفتار کیا تھا۔
رانی پور حویلی میں فاطمہ کا قتل: ملزم گرفتار، بچی کی قبرکشائی کا حکم
کم سن فاطمہ کے قتل کا واقعہ 15 اگست کو سامنے آیا تھا، پولیس نے 16 اگست کو والدہ کی مدعیت میں مقدمہ دائر کرکے مرکزی ملزم پیر اسد شاہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا جو اس وقت عدالتی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔
کم سن فاطمہ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد 19 اگست کو ان کی قبرکشائی کرکے ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا، جس کی ابتدائی رپورٹ میں بچی کے ساتھ مبینہ طور پر ریپ کے شواہد بھی ملے تھے, تاہم تاحال پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں آ سکی
بعد ازاں پولیس نے ملزم اسد شاہ کے بھی ڈین این اے نمونے لیے تھے جب کہ رانی پور حویلی میں مقیم اور ملازمت کرنے والے دیگر مرد حضرات کے نمونے بھی لیے گئے تھے اور بچی کو ابتدائی علاج دینے والے ڈاکٹر اور کمپائوڈر کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
فاطمہ قتل کیس: مجموعی طور پر 22 ملزمان گرفتار، حنا شاہ تاحال فرار
حنا شاہ کی گرفتاری کے بعد فاطمہ فرڑیو قتل کیس کے تمام مرکزی ملزم گرفتار ہوگئے، تاہم ڈیڑھ ماہ گزر جانے کے باوجود فاطمہ کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ نہیں آ سکی۔
فاطمہ فرڑیو کے قتل کا کیس خیرپور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں زیر سماعت ہے، جہاں سے ملزمان کے ریمانڈ حاصل کیے جاتے رہے ہیں اور حنا شاہ کا بھی مذکورہ عدالت سے ریمانڈ لیا جائے گا۔
حنا شاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے کم سن فاطمہ پر تشدد کیا جب کہ ان کے والد فیاض شاہ پر الزام ہے کہ انہوں نے ہی کم سن بچی کو پیر اسد شاہ اور بیٹی کے گھر ملازمت کے لیے بھیجا۔
مرکزی ملزم پیر اسد شاہ پر بھی بچی پر بہیمانہ تشدد کرنے جیسے الزامات ہیں، علاوہ ازیں ان ہی پر ریپ کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔