سندھ سمیت ملک بھر سےغیر قانونی غیرملکیوں کو باحفاظت واپس بھجوایا جائے، پاک فوج
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے حکومت پاکستان کے غیر قانونی غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے تمام غیر ملکیوں کو واپس باحفاظت بھجوانے کی ہدایات جاری کردیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 260 ویں کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
اجلاس نے یکم نومبر 2023 سے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ملک بدر کرنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کی۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کی ہموار، باعزت اور محفوظ طریقے سے وطن واپسی اور بےدخلی یقینی بناتے ہوئے انہیں سہولت فراہم کی جائے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے تین اکتوبر کو تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو یکم نومبر تک پاکستان سے نکل جانے کا الٹیمیٹم دیا تھا، دوسری صورت میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔
غیر قانونی افغانیوں کو سندھ بدر کرنے سے قبل انہیں سکھر اور کراچی میں رکھنے کا فیصلہ
پاکستان سمیت سندھ میں سب سے زیادہ غیر قانونی غیر ملکی افراد افغان باشندے ہیں، جن کی تعداد حکومتی اندازوں کے مطابق 17 لاکھ ہے۔
وفاقی حکومت کے بعد سندھ حکومت نے بھی غیر قانونی غیر ملکی افراد کو یکم نومبر تک نکل جانے کا وقت دیا تھا، تاہم سندھ پولیس نے حکومتی ہدایات پر ابھی سے ہی غیر قانونی افغانیوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
سندھ کے سیاست دانوں کا دعویٰ ہے کہ صوبے میں غیر قانونی افغانیوں کی تعداد حکومتی اندازوں سے کہیں زیادہ اور چالیس لاکھ تک ہے لیکن حال ہی میں وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو بتایا تھا کہ صوبے میں غیر ملکی رجسٹرڈ افراد کی تعداد 5 لاکھ تک ہے۔
پولیس کا کارنامہ: لاڑکانہ سے 13 اور سکھر ڈویژن سے 6 افغان باشندے گرفتار