الیکشن کمشنر سندھ کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں پولنگ اسٹیشنز کے مقامات کا دورہ، تمام سہولیات یقینی بنانے کی ہدایات
آئندہ عام انتخابات کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر سندھ نے صوبے کے مختلف سیلاب متاثرہ اضلاع کے ان مقامات کا دورہ کیا، جہاں پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔
آئندہ عام انتخابات 2024 کے صاف،شفاف اور پُرامن انعقاد اور برسات سے متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کے جائزے کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے سندھ کے مختلف اضلاع کے دورے کے دوران اعلی سطحی اجلاسوں کی صدارت کی۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے عام انتخابات 2024 کے صاف شفاف اور پرامن انعقاد کیلئے سندھ کے تین ڈویژنز شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ کا دورہ کیا۔ جبکہ برسات سے متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کا بھی وزٹ کیا۔
بدنصیب کشمور کے گاؤں میں 200 افراد ہیپاٹائیٹس کا شکار، ووٹ دینے سے انکار کردیا
عام انتخابات 2024 کے انتظامات کی تیاریوں کے سلسلے میں کمشنر آفس شہید بینظیر آباد میں جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اس موقع پر پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات، پانی، بجلی، فرنیچر، باؤنڈری وال، واش روم اور افراد باہم معذوری کیلئے ریمپ کی سہولیات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشنز کی صفائی و ستھرائی سمیت پولنگ کے دوران امن و امان کی سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں مرمت والی پولنگ اسٹیشنوں پر جلد کام مکمل کرکے رپورٹ 30نومبر 2023 سے پہلے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور کمشنر دفاتر کو ارسال کی جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے عام انتخابات 2024 کے انتظامات کے سلسلے میں کمشنر آفس سکھر میں بھی اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات، پانی، بجلی، فرنیچر، باؤنڈری وال، واش روم اور افراد باہم معذوری کیلئے ریمپ کی سہولیات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل، پولنگ عملے کی تربیت، پولنگ کے دوران امن و امان کی سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اِس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ شفاف انتخابات منعقد کرانے اور پولنگ اسٹیشنز پر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام متعلقہ محکمے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ اس قومی فریضے کو بہتر طریقے سے ادا کیا جاسکے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ منصفانہ انتخاب کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، لہٰذا انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کیلئے سندھ پولیس اور رینجرز کا اہم کردار رہتا ہے الیکشن کے موقع پر مزید حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی سیکورٹی اور تعیناتی پلان پر عمل درآمد یقینی بنائے جائے تاکہ شرپسند عناصر کو ماحول خراب کرنے کا موقعہ نہ مل سکے۔
سندھ کی اقلیتی برادری انتخابات میں مذہبی شناخت پر جداگانہ ووٹ کاسٹ کرنے کی خواہاں
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو ہدایات جاری کی کہ دورانِ انتخابات ڈپٹی کمشنرز/ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ کوئی کوتاہی یا خلاف ورزی ہو تو اُن کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلع کیا جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر تمام مقابلہ کرنیوالے اُمیدواران اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز سختی سے عمل کروایا جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کمشنر آفس لاڑکانہ میں عام انتخابات 2024کے صاف شفاف اور پرامن انعقاد کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں کمشنر لاڑکانہ ڈویژن، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور الیکشن کمیشن کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دور اضلاع کے افسران نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اِس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ اِس اجلاس کو کوآرڈینیشن کیلئے بلایا گیا ہے، جس کا مقصد ایک پیج پر مل کر کام کرنا ہے تاکہ عام انتخابات کا انعقاد خوش اسلوبی سے ہوسکے، الیکشن کے عمل کو ہر صورت صاف اور شفاف انعقاد کیا جائیگا تاکہ کسی فرد کو کوئی اعتراض نہ ہو اور پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معزز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی واضح ہدایات کے مطابق انتخابات کے انعقاد کو پُرامن اور منصفانہ بنانے کیلئے ہر قسم کے ضروری اقدامات کئے جائینگے اور الیکشن کمیشن بلاتفریق سب کیلئے یکساں پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے پُرامن انعقاد کے ماحول کو خراب کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا اور انتخابات میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا۔
بصورت دیگر کوئی بھی سیاسی جماعت ہو یا اُمیدوار کی طرف سے کسی بھی دفعہ کی خلاف ورزی پر مجوزہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اِس ضمن میں کوئی بھی قانون سے مبرا نہیں ہوگا۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دن کسی بھی شخص کو پُرامن انتخاب میں دخل اندازی کی اجازت نہیں دی جائیگی اور گڑ بڑ کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاتفریق سخت کارروائی کی جائیگی۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے مٹیاری اور دادو اضلاع کا بھی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں آئندہ عام انتخابات کی تیاری کے حوالے سے میٹنگ کی اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا انعقاد ایک قومی فریضہ ہے جس کی کامیاب تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔