سندھ میں 19 ہزار 200 پولنگ اسٹیشنز پر 2 لاکھ 27 ہزار سرکاری ملازمین تعینات ہوں گے

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سندھ حکومت کو آگاہی دی ہے کہ آئندہ سال 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں صوبے بھر میں مجموعی طور پر 19 ہزار 200 پولنگ اسٹیشنز بنیں گے، جہاں پر 2 لاکھ 27 ہزار 424 سرکاری ملازمین کو تعینات کیا جائے گا۔
ؔ
سندھ میں عام انتخابات کی تیاریوں کے متعلق چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم کی زیر صدارت اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال، سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد علی کوسو سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن, کور فائیو، پاکستان رینجرز اور پولیس کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے۔

سندھ کی اقلیتی برادری انتخابات میں مذہبی شناخت پر جداگانہ ووٹ کاسٹ کرنے کی خواہاں

اجلاس میں سندھ میں عام انتخابات کے متعلق سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم نے کہا کہ سندھ حکومت الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق شفاف، منصفانہ اور محفوظ انتخابات کے لیے امن کا ماحول بنا رہی ہے، پولنگ اسٹیشنز پر تمام تر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا، تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن کمیشن کی ہدایت پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر افراد باہم معذور کی سہولت کے پیش نظر ریمپ کی تعمیر کو بھی یقینی بنایا جائے۔

سندھ کی باگڑی برادری نسل در نسل ووٹ دینے سے خفا کیوں؟

اجلاس میں آگاہی دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے بتایا کے عام انتخابات کے لیئے پولنگ اسٹاف کی جامع ٹریننگ کروائی جائے گی، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران سمیت تمام پولنگ اسٹاف کی تربیت کو الیکشن کمیشن یقینی بنائے گا۔

صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے مزید بتایا کہ سندھ میں قومی اسمبلی کے 61 اور صوبائی اسمبلی کے 130 نشستوں پر انتخابات ہونگے، صوبے میں 19 ہزار 200 پولنگ سٹیشنز بنائی جائیں گی۔انتخابات میں صوبے بھر میں 2 لاکھ 27 ہزار 424 سرکاری ملازمین کی خدمات لی جائیں گی۔

اجلاس میں پولیس حکام نے بتایا کے سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے اور سندھ میں عام انتخابات میں 1 لاکھ 45 ہزار 334 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے.

سندھ کی جوگی برادری ووٹ کاسٹ کرنے سے بے خبر، بنیادی حقوق سے بھی محروم