سندھ کی سیما حیدر کی پیار کہانی پر بھارت میں فلم بنے گی
چند دن قبل خبریں آئی تھیں کہ بھارتی نوجوان کی محبت میں سندھ سے انڈیا پہنچنے والی سیما حیدر رند جکھرانی کو فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی ہے لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ ان کی پیار کہانی پر وہاں فلم بھی بنائی جائے گی۔
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق سیما حیدر رند جکھرانی کی پیار کہانی پر اترپردیش کا پروڈکشن ہاؤس ’کراچی ٹو نوئیڈا‘ نامی فلم بنائے گا، جس کے لیے اداکاروں کو بھی کاسٹ کرلیا گیا۔
بظاہر ’کراچی ٹو نوئیڈا‘ فلم کم بجٹ کی فلم ہوگی لیکن اس پر بھارتی میڈیا میں کافی چرچے ہیں، دوسری جانب اس فلم کے پروڈیوسر امت جانی نے کہا ہے کہ انہوں نے سیما حیدر کے شوہر غلام حیدر جکھرانی کو بھی بھارت آنے کی دعوت دی ہے۔
اسی حوالے سے ’انڈیا ٹوڈے‘ نے بتایا کہ امت جانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیما حیدر کی مکمل کہانی سمجھنے کے لیے غلام حیدر کو بھارت آنے کی دعوت دی ہے جب کہ انہیں یہ پیش کش بھی کی گئی ہے کہ ان سے ملاقات کے لیے فلم ساز سعودی عرب آ سکتے ہیں۔
غلام حیدر جکھرانی اس وقت سعودی عرب میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں۔
سیما حیدر کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی خبروں سے چند دن قبل یہ خبریں تھیں کہ سیما حیدر کو فلم میں کام کی پیش کش کی گئی ہے، تاہم اب ان کی پیار کہانی پر فلم بنائی جائے گی۔
سیما حیدر کا سندھ سے بھارت پہنچنے کا قصہ
سیما غلام حیدر جولائی میں نیپال کے راستے بھارت پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے اترپردیش کے نوجوان سچن کے ساتھ رہائش اختیار کی تھی, بعد ازاں انیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ہندو رسومات کے مطابق نوجوان سے شادی بھی کرلی۔
سیما غلام حیدر سندھ کے دارالحکومت کراچی کی رہائشی ہیں اور وہ بچوں سمیت وہاں جاپہنچی تھیں، ان کے شوہر غلام حیدر جکھرانی سعودی عرب میں کماتے ہیں۔ خاتون کا آبائی تعلق ضلع خیرپور سے ہے جب کہ ان کے شوہر غلام حیدر کا تعلق ضلع جیکب آباد سے ہے۔
سیما نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ کراچی میں8 سال سے رہ رہی تھی، موبائل گیم پب جی کھیلتے ہوئے اس کی بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نووائیڈہ کے سچن سنگھ سے دوستی ہوئی اور پھر آڈیو ، ویڈیو کالز کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
سیما دو بار کراچی سے دبئی کے راستے نیپال پہنچی، پہلی بار اکیلی کراچی سے دبئی اور پھر 13 مارچ کو نیپال پہنچی جہاں اس کی سچن سے ملاقات ہوئی، دونوں نے شادی بھی کرلی، فیصلہ ہوا کہ سیما اپنے بچوں کے ساتھ بھارت منتقل ہوجائے، 17 مارچ کو سیما واپس پاکستان پہنچ گئی اور اپنی تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کا پاسپورٹ بنوایا۔
سیما نے ایک ٹریول ایجنٹ کے ذریعے 10 مئی کو کراچی سے دبئی اور وہاں سے نیپال کا ٹکٹ بک کرایا، پھر نیپال سے بس کے ذریعے نئی دہلی اور وہاں سے دوسری بس سے 13 مئی کو نووائیڈہ سچن سنگھ کے پاس پہنچ گئی، سیما کا کہنا ہے کہ سچن نے اسے اس کے چاروں بچوں سمیت اپنایا ہے۔
سیما اپنے چاروں بچوں 5 سالہ فرحان، 4سالہ فریحہ، 2سالہ فرح، 8 سالہ فروا کے ساتھ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مقیم تھی جب کہ اس کا شوہر غلام حیدر روزگار کے لیے سعودی عرب میں مقیم ہے، سیما کے اس طرح بچوں کے ساتھ پاکستان چھوڑ کر جانے پر غلام حیدر نے اپیل کی ہے کہ اس کے بچے اسے واپس دلوائے جائیں۔
سیماحیدر کے بھارت جانے سے سندھ کی خواتین خطرے میں پڑگئیں: کلپنا دیوی
سیما حیدر رند جکھرانی سے متعلق پاکستانی اداروں کی رپورٹ تیار
بھارتی حکام کو سیما حیدر جکھرانی پر ایجنٹ ہونے کا شک کیوں ہے؟